اسلام آبادکاروں کی درآمدات میں جاری مالی سال کے پہلے چھ ماہ میں سالانہ بنیادوں پرکمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ پاکستان بیورو برائے شماریات کی جانب سے جاری اعدادوشمارکے مطابق جولائی سے دسمبر تک کی مدت میں کاروں کے مکمل تیار کردہ یونٹ(سی بی یو) کی درآمدات میں سالانہ بنیادوں پر66فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی،مکمل تیارکردہ کاروں کی درآمدات پر جاری مالی سال کے پہلے چھ ماہ میں 108.453ملین ڈالر کازرمبادلہ صرف ہوا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 318.999 ملین ڈالرتھا۔اعدادوشمارکے مطابق سی کے ڈی اور ایس کے ڈی یونٹس کی درآمدات کا حجم 722ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 1.211 ارب ڈالر تھا۔ اعدادوشمارکے مطابق جاری مالی سال کے پہلے چھ ماہ میں ٹرانسپورٹ گروپ کی درآمدات میں سالانہ بنیادوں پر49.84فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ جولائی سے دسمبرتک کی مدت میں ٹرانسپورٹ گروپ کی درآمدات کا حجم 1.163ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 2.318 ارب ڈالرتھا۔