اسلام آبارواں مالی سال (2022-23) کے پہلے چھ مہینوں کے دوران امریکا پاکستانی مصنوعات کی برآمدات میں سرفہرست رہا۔تازہ اعدادو شمار کے مطابق رواں مالی سال کی پہلی ششماہی کے دوران پاکستان سے سب سے زیادہ مصنوعات امریکا اس کے بعد چین اور برطانیہ بھیجی گئیں۔
جولائی تا دسمبر (2022-23) کے دوران امریکہ کو کل برآمدات 3065.989 ملین ڈالر ریکارڈ کی گئیں جو کہ جولائی تا دسمبر (2021-22) کے دوران 3323.470 ملین امریکی ڈالر کی برآمدات کے مقابلے میں 7.74 فیصد کی کمی کو ظاہر کرتی ہیں۔ بینک آف پاکستان کے مطابق امریکا کے بعد چین کا نمبر آیا جہاں پاکستان نے گزشتہ سال 1332.823 ملین ڈالر کی برآمدات کے مقابلے میں 1058.055 ملین ڈالر کی اشیا برآمد کیں جو کہ 20.61 فیصد کمی کو ظاہر کرتی ہیں۔
برطانیہ تیسرا سب سے بڑا برآمدی مقام تھا، جہاں پاکستان نے زیر جائزہ مہینوں کے دوران 1003.238 ملین ڈالر کی اشیا برآمد کیں جو کہ گزشتہ سال کے دوران 1146.171 ملین امریکی ڈالر کی برآمدات کے مقابلے میں 12.47 فیصد کی کمی کو ظاہر کرتی ہیں۔دیگر ممالک کے درمیان جرمنی کو پاکستانی برآمدات گزشتہ سال 864.241 ملین امریکی ڈالر کے مقابلے 881.045 ملین امریکی ڈالر رہیں جو کہ 1.94 فیصد اضافے کو ظاہر کرتی ہیں جبکہ متحدہ عرب امارات کو برآمدات گزشتہ سال 687.766 ملین امریکی ڈالر کے مقابلے میں 725.975 ملین امریکی ڈالر ریکارڈ کی گئیں۔