URDU NEWS

معیاری بیج زرعی پیداوار بڑھانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں،چیئرمین پاکستان ہائی ٹیک ہائبرڈ سیڈ ایسوسی ایشن

اسلام آباد ( اے پی پی۔ 05 اکتوبر2022ء) چیئرمین پاکستان ہائی ٹیک ہائبرڈ سیڈ ایسوسی ایشن اور سابق صدر لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز شہزاد علی ملک نے کہا ہے کہ معیاری بیج خوراک کی بڑھتی ہوئی ضرورت کو پورا کرنے اور زرعی پیداوار بڑھانے میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔ایک بیان میں شہزاد ملک نے کہا کہ اعلیٰ معیار کے بیجوں کا استعمال کسی بھی طریقے کی کامیاب زراعت کی بنیاد ہے۔
انہوں کہا کہ یہ عنصر بڑھتی ہوئی آبادی کے لئے غذائی تحفظ فراہم کرنے کے لئے پہلے سے کہیں زیادہ اہمیت اختیار کر گیا ہے کیونکہ 2050 تک دنیا کی آبادی 9 ارب سے تجاوز کرنے کی توقع ہے۔ انہوں نے کہا کہ اعلی ٰمعیار کے ہائبرڈ بیج اتفاقا ًپیدا نہیں ہوتے بلکہ مناسب قسم، جڑی بوٹیوں پر کنٹرول، صحیح وقت پر درست بیج کی کاشت، مناسب بیج، سٹوریج، صفائی اور شپنگ سمیت ہر مرحلہ اعلی ٰمعیار کے بیج کے حصول کے لئے اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ معیاری بیج پیداوار میں تین گنا تک اضافہ کرسکتا ہے اور اس سے بیماریوں اور کیڑوں مکوڑوں کے پھیلاؤ کو روکنے کے علاوہ پیداوار کی لاگت میں کمی بھی واقع ہوتی ہے۔