URDU NEWS

کووڈ۔19 کی وبا کے باوجود پاکستان کی معیشت نے گزشتہ مالی سال میں 5.6فیصد ترقی کی، عالمی بینک کی رپورٹ

اسلام آباد(اے پی پی):کووڈ۔19 کی وبا کے باوجود پاکستان کی معیشت نے گزشتہ مالی سال 2021میں 5.6فیصد ترقی کی ہے۔
عالمی بینک کی رپورٹ کے مطابق معاشی بحالی اور لیبر مارکیٹ کی بہتری سمیت دیگر اقدامات کے نتیجہ میں گزشتہ مالی سال کے دوران پاکستانی معیشت کی شرح نمو 5.6فیصد رہی ہے۔ عالمی بینک نے اپنی رپورٹ پاکستان ڈویلپمنٹ اپ ڈیٹ میں مزید کہا ہے کہ جاری مالی سال کے لئے قومی معیشت کی شرح نمو 4.3فیصد جبکہ مالی سال 2023میں 4.0فیصد رہنے کی توقع ہے تاہم مالی سال 2024کے دوران پاکستانی معیشت کی شرح ترقی 4.2فیصد تک بڑھنے کا امکان ہے۔
واضح رہے کہ عالمی بینک جنوبی ایشیا اکنامک فوکس کے تحت پاکستان ڈویلپمنٹ اپ ڈیٹ مرتب کرتا ہے۔ ورلڈ بینک اس رپورٹ کی تیاری کے حوالہ سے خطے میں معاشی سرگرمیوں کا تفصیلی جائزہ کے بعد اعداد و شمار جاری کرتا ہے اور اس ضمن میں خطہ کے مختلف ممالک کے مسائل کو بھی پیش نظر رکھا جاتا ہے۔