URDU NEWS

ملکی معیشت پر ماہانہ اپ ڈیٹ آؤٹ لک رپورٹ جاری

رواں مالی سال کے پہلے 7 ماہ میں ترسیلات زر 9.1 فیصد اضافے سے 18 ارب ڈالر ریکارڈ کی گئیں

رواں مالی سال کے پہلے 7 ماہ میں ترسیلات زر 9.1 فیصد اضافے سے 18 ارب ڈالر ریکارڈ کی گئیں،ملکی برآمدات 27.4 فیصد اضافے سے 17.7 ارب ڈالر کی سطح تک پہنچ گئی ہیں۔وزارت خزانہ کی ملکی معیشت پر ماہانہ اپ ڈیٹ آؤٹ لک رپورٹ جاری کردی گئی ہے۔رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے 7 ماہ میں ترسیلات زر 9.1 فیصد اضافے سے 18 ارب ڈالر ریکارڈ کی گئیں،ملکی برآمدات 27.4 فیصد اضافے سے 17.7 ارب ڈالر کی سطح تک پہنچ گئیں۔
اسی طرح ملکی درآمدات 55.1 فیصد اضافے سے 42.8 ارب ڈالر کی سطح تک پہنچ گئیں۔کرنٹ اکاونٹ خسارے میں 11.6 ارب ڈالر کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔رپورٹ کے مطابق براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری 11.3 فیصد اضافے سے 1.16 ارب ڈالر رہی۔پورٹ فولیو سرمایہ کاری مثبت رجحان کے ساتھ 958.3 ملین ڈالر ہو گئی۔مجموعی غیر ملکی سرمایہ کاری مثبت رجحان کے ساتھ 1817.3 ملین ڈالر تک پہنچ گئی ہے۔رپورٹ کے مطابق زرمبادلہ ذخائر فروری کے تیسرے ہفتے تک 22.99 ارب ڈالر ہوگئے،اسٹیٹ بینک 16 ارب 58 کروڑ ڈالر، کمرشل بینکوں کے ذخائر 6.40 ارب ڈالر رہے، ڈالر کی شرح تبادلہ 176.16 روپے فی ڈالر کی سطح پر پہنچ گئی، چھ ماہ میں ٹیکس ریونیو 30.3 فیصد اضافے سے 3351 ارب روپے رہا، رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ جولائی سے دسمبر میں نان ٹیکس آمدنی 14.6 فیصد کمی سے 764.9 ارب رہی،جولائی تا دسمبر تک پی ایس ڈی پی کی مد میں 566.3 ارب روپے منظورکئے گئے۔
وزارت خزانہ کی رپورٹ کے مطابق جولائی سے دسمبر تک مالیاتی خسارہ بڑھ کر 1371 ارب روپے کی سطح تک پہنچ گیا، پہلے 7 ماہ میں زرعی قرضے 3.4 فیصد اضافے سے 740.3 ارب روپے کی سطح پر رہے، جنوری میں مہنگائی کی ماہانہ شرح 13 فیصد ریکارڈ کی گئی، رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پہلے 7 ماہ میں مہنگائی کی سالانہ شرح 10.3 فیصد ریکارڈ کی گئی، بڑ ی صنعتوں کی شرح نمو دسمبر میں 6.4 فیصد تک رہی، بڑی صنعتوں کی شرح نمو جولائی سے دسمبر کے دوران 7.4 فیصد تک رہی،اسٹاک ایکسچینج انڈیکس 45 ہزار 132 پوائنٹس تک پہنچ گیا۔