URDU NEWS

اکتوبر میں پاکستانی برآمدات میں 17.5 فیصد اضافہ، برآمدات 2 ارب 47 کروڑ 10 لاکھ ڈالر رہیں، مشیر تجارت عبدالرزاق

وزیراعظم کے مشیر برائے تجارت عبد الرزاق داؤد نے کہا ہے اکتوبر میں پاکستانی برآمدات میں 17.5 فیصد کا اضافہ ہوا اور اکتوبر2021 میں پاکستانی برآمدات 2 ارب 47 کروڑ 10 لاکھ ڈالر رہیں۔ گزشتہ دنوں جاری ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ اکتوبر 2020 میں برآمدات 2 ارب 10 کروڑ 40 لاکھ ڈالر رہی تھیں جبکہ اکتوبر2021 میں پاکستانی برآمدات 2 ارب 47 کروڑ 10 لاکھ تک پہنچ گئیں جو کسی ایک ماہ کے دوران ملکی تاریخ کی سب سے زیادہ برآمدات ہیں اکتوبر کیلئے ملکی برآمدات کا ہدف 2 ارب 60 کروڑ ڈالر ڈالر تھا انہوں نے کہا کہ رواں مالی سال کے پہلے 4 ماہ میں گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے مقابلے میں برآمدات میں 25 فیصد اضافہ ہوا ہے۔رواں مالی سال کے 4 ماہ میں اب تک 9 ارب 46 کروڑ 80 لاکھ ڈالر کی برآمدات ہوئی ہیں۔گزشتہ مالی سال اسی عرصے میں 7 ارب 57 کروڑ 60 لاکھ ڈالر کی برآمدات ریکارڈ کی گئی تھیں۔ رواں مالی سال کے پہلے 4 ماہ کا برآمدات کا ہدف 9.6 بلین ڈالر تھا۔
انہوں نے کہا کہ جولائی سے اکتوبر درآمدات میں 64 فیصد اضافہ ہوا ہے رواں مالی سال کے پہلے 4 ماہ میں کل درآمدات 24.99 بلین ڈالر کی رہیں جبکہ گزشتہ مالی سال اسی عرصے میں کل درآمدات 15.19 ارب ڈالر کی تھیں۔ 40 فیصد درآمدات میں کیپٹل گڈز، خام مال اور دیگر درآمدات کی وجہ سے ہے، انہوں نے بتایا کہ ان اشیاء کی درآمدات سے صنعتوں کی توسیع اور صنعتوں کی ایکٹویٹی میں اضافہ ہوا، 60 فیصد درآمدات میں پیٹرولیم مصنوعات، کوئلہ و گیس، ویکسین، خوراک، کنزیومر گڈز اور دیگر اشیاء شامل ہیں۔انہوں نے بتایا کہ 4 ماہ میں 9.801 بلین ڈالر درآمدات میں اضافہ ہوا ہے جس میں 239 ملین ڈالر کی کنزیومر گڈز، 823 ملین ڈالر کی خوراک کی درآمدات ہیں، 1620 ملین ڈالر کی کیپٹل گڈز، 2209 ملین ڈالرز کا خام مال درآمد ہوا ہے۔انہوں نے بتایا کہ پیٹرولیم مصنوعات، کوئلہ اور گیس کی درآمدات 3364 ملین ڈالر کی رہیں،رواں مالی سال کے پہلے 4 ماہ میں 1068 ملین ڈالر کی ویکسین درآمد کی گئی ہیں جبکہ 478 ملین ڈالر کی دیگر اشیاء درآمد کی گئیں۔