URDU NEWS

وزیر اعظم عمران خان کا روشن ڈجیٹل اکاونٹ پر بھرپور ردعمل ظاہر کرنے پر اوورسیزپاکستانیوں کو خراج تحسین

بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کا تعاون اور اعتماد کا ووٹ بہت کم وقت میں اس اقدام کو بڑی کامیابی عطا کرنے میں بنیادی حیثیت کا حامل رہا ہے،عمران خان

وزیر اعظم عمران خان نے روشن ڈجیٹل اکاونٹ (آر ڈی اے) پر بھرپور ردعمل ظاہر کرنے پر بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو زبردست خراج تحسین پیش کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کا تعاون اور اعتماد کا ووٹ بہت کم وقت میں اس اقدام کو بڑی کامیابی عطا کرنے میں بنیادی حیثیت کا حامل رہا ہے۔ وہ وزرا، کار ساز اداروں اور بیمہ کمپنیوں کے سی ای اوز، معروف فلاحی اداروں کے سربراہان، بینکوں کے صدور، اسٹیٹ بینک کے افسران اور دیگر مہمانان گرامی کے ایک اجتماع سے خطاب کررہے تھے۔ یہ تقریب آر ڈی اے ڈپازٹس کے ایک ارب ڈالر کی حد عبور کرنے اور آر ڈی اے کے ذریعے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے بطور خاص تیار کردہ دو مزید پراڈکٹس”روشن اپنی کار اور روشن سماجی خدمت”کا افتتاح کرنے کے لیے منعقد کی گئی تھی۔ انہوں نے مزید کہا کہ آر ڈی اے کی کامیابی اور اس اسکیم کے تحت مزید پراڈکٹس کے اضافے سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ اگر سرکاری و نجی شعبے تعاون کے جذبے سے مل کر کام کریں تو کوئی بھی منصوبہ ضرور کامیابی سے ہمکنار ہوگا۔وزیر اعظم نے آر ڈی اے کے ذریعے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو پاکستانی بینکاری نظام اور معیشت سے ڈجیٹل طور پر منسلک کرنے میں بینک دولت پاکستان اور بینکاری صنعت کے آوٹ آف دی باکس طرزِ فکر کو سراہا۔ انہوں نے مسلسل اختراع کے اس عمل کی تعریف کی جو وہ ’روشن اپنی کار ‘اور ’روشن سماجی خدمات ‘مصنوعات کے اضافے کے ذریعے کررہے ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ’روشن اپنی کار ‘اقدام نہ صرف بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو پاکستان میں اپنے اعزہ و اقارب کی ضروریات پوری کرنے میں مدد دے گا بلکہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو اپنے صدقہ و خیرات کے اہداف اور زکوٰةکے فرائض پورے کرنے کے حوالے سے ایک باسہولت ”ون اسٹاپ عطیات پلیٹ فارم“ کا کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے صدقہ و خیرات دینے کے بھرپور جذبے کو سراہا جس کا ثبوت انہوں نے بار بار دیا ہے اور کہا کہ ان اضافی رقوم سے سماجی شعبے کے اداروں اور این جی اوز کو پاکستان میں ضرورت مند افراد کی اور زیادہ بڑی تعداد کو امداد فراہم کی جاسکے گی۔ وزیر اعظم نے اس امر پر بطور ِخاص خوشی کا اظہار کیا کہ اب پہلی بار بیرون ملک مقیم پاکستانی ’روشن سماجی خدمت ‘کے ذریعے حکومت کے بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ تخفیف غربت کے پروگرام ’احساس‘میں حصہ ڈال سکیں گے۔اپنے خیرمقدمی خطاب میں گورنر اسٹیٹ بینک ڈاکٹر رضا باقر نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو مالی خدمات سے منسلک کرنے کے وڑن اور ان کی مسلسل حوصلہ افزائی اور رہنمائی کرنے پر عزت مآب وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ آج وہ اس بات پر فخر محسوس کر رہے ہیں کہ بینکوں نے بہت مختصر مدت میں آر ڈی اے کے ذریعے ڈپازٹس میں ایک ارب ڈالر وصول کیے۔ ستمبر2020ءمیں آر ڈی اے متعارف کرنے کو یاد کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ500ملین ڈالر وصول کرنے کا پہلا اہم سنگ ِمیل پانچ مہینوں بعد حاصل کر لیا گیا تھا۔ اس کے صرف دو مہینوں بعد ایک ارب ڈالر کی سطح حاصل کر لی گئی جو رقوم کی آمد میں اضافے کی رفتار کو ظاہر کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر کے 170ممالک میں 120,000 روشن ڈجیٹل اکاﺅ نٹ کھولے جا چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان اکاﺅ نٹس کے ذریعے ڈپازٹس کی موصولی زرمبادلہ رقوم کی آمد کا نیا ذریعہ فراہم کر رہی ہے جس سے پاکستان کے زرِمبادلہ کے ذخائر اور توازن ادائیگی کو بہتر بنانے میں مدد مل رہی ہے۔ انہوں نے بینکوں اور اسٹیٹ بینک دونوں کے تمام عملے اور سینئر انتظامیہ کی محنت کو سراہا اور کہا کہ اس اقدام کی کامیابی میں ان کی لگن اور مسلسل اختراع کے جذبے نے کلیدی کردار ادا کیا ہے۔روشن ڈجیٹل اکاﺅنٹ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو لائف اسٹائل بینکاری مصنوعات کی پیشکش کے لیے بنایا گیا ہے، جن میں رقم ڈپازٹ کرانے کی سہولتیں، نیا پاکستان سرٹیفکیٹس، اسٹاک مارکیٹ اور ریئل اسٹیٹ میں سرمایہ کاری کے مواقع کے ساتھ ساتھ ادائیگی کی دیگر روزمرہ سہولتیں شامل ہیں۔ ان لائف اسٹائل مصنوعات میں مسلسل اضافہ کیا جا رہا ہے، آج ہونے والا ’روشن اپنی کار ‘اور ’روشن سماجی خدمت ‘کا افتتاح اس کی ایک تازہ ترین مثال ہے۔’روشن اپنی کار‘کو بالخصوص بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے تشکیل دیا گیا ہے، جو کئی امتیازی خصوصیات کا حامل ہے۔ بینکاری صنعت کی تاریخ میں پہلی مرتبہ روشن ڈجیٹل اکاونٹ ہولڈر پاکستان میں اپنے اعزہ و اقارب کے لیے کار فنانسنگ کی خاطر ڈجیٹل طور پر درخواست دے سکیں گے جس کی پراسیسنگ تیزی سے ہوگی۔ فنانسنگ اور بیمہ روایتی اور شریعت سے ہم آہنگ دونوں صورتوں میں نہایت پرکشش شرحوں پر دستیاب ہوگا۔