URDU NEWS

سیمنٹ کی فروخت میں رواں مالی سال کے دوران 16.61 فیصد اضافہ ہوا ہے، آل پاکستان سیمنٹ مینوفیکچررز ایسوسی ایشن

سیمنٹ کی مجموعی فروخت میں رواں مالی سال کے دوران16.61 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ آل پاکستان سیمنٹ مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کی رپورٹ کے مطابق جاری مالی سال میں جولائی تا نومبر کے دوران سیمنٹ انڈسٹری کی مجموعی فروخت 23.839 ملین ٹن تک بڑھ گئی جبکہ گذشتہ مالی سال میں جولائی تانومبر میں فروخت کا حجم 20.446 ملین ٹن رہا تھا۔اے پی سی ایم اے کے مطابق گذشتہ مالی سال کے مقابلہ میں رواں مالی سال کے پہلے 5 ماہ میں سیمنٹ کی مجموعی فروخت میں 3.359 ملین ٹن یعنی 16.61 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق سیمنٹ کی اندرون ملک فروخت میں 15.55 فیصد اضافہ ہوا ہے اور جولائی تا نومبر 2020 میں فروخت کاحجم 19.456 ملین ٹن تک بڑھ گیا جبکہ گذشتہ مالی سال کے اسی عرصہ میں 16.837 ملین ٹن سیمنٹ مقامی مارکیٹ میں فروخت کیا گیا تھا۔ دوسری جانب گذشتہ مالی سال کے مقابلہ میں رواں مالی سال کے دوران سیمنٹ کی برآمدات بھی 21.54 فیصد اضافہ سے جولائی تانومبر 2019 کی برآمدات 3.607 ملین ٹن کے مقابلہ میں 4.384 ملین ٹن تک بڑھ گئیں۔