URDU NEWS

جاپان کی معاونت سے جنوبی پنجاب میں کاشتکاروں کو 35 ملین روپے کے بیج اور کھادیں فراہم کی جائیں گی،محکمہ زراعت پنجاب

جاپان کی معاونت سے جنوبی پنجاب کے مختلف اضلاع کے کاشتکاروں کو 35 ملین روپے کے بیج اور کھادیں فراہم کی جائیں گی۔پنجاب کے محکمہ زراعت کے حکام نے کہا ہے کہ جاپان کے بین الاقوامی تعاون کے ادارے جائیکا کے اشتراک سے صوبہ کے جنوبی اضلاع میں بشمول مظفر گڑھ، لیہ اور بھکر وغیرہ میں ٹڈی دل سے متاثرہ کاشتکاروں کی معاونت کی جائے گی اور انہیں گندم سمیت مختلف فصلوں کے بیج اور کھادیں مفت فراہم کی جائیں گی۔انہوں نے کہا کہ 35 ملین روپے کی لاگت سے شروع کئے جانے والے منصوبہ کے پہلے مرحلہ میں مظفر گڑھ کے 350 سے زائد چھوٹے کاشتکاروں کو 2800 تھیلے گندم کے بیج اور کھادیں تقسیم کی گئی ہیں جبکہ دیگر جنوبی اضلاع میں ایک ہزار کے قریب 2 تا 4 ایکڑ زمین کے مالک اور مزارئین کو بیج اور کھاد مفت فراہم کی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ جائیکا نے اس حوالے سے 22.71 ملین جاپانی ین کی معاونت فراہم کی ہے جبکہ منصوبہ پر مجموعی لاگت کا تخمینہ 3 کروڑ 50 لاکھ روپے ہے۔