URDU NEWS

صوبہ بھرکے بچوں کی صحت کو یقینی بنانے کیلئے ہیلتھ نیوٹریشن پروگرام کا آغاز کیا جا چکا ہے،صوبائی وزیر صحت

اچھی خوراک انسان کی قوت مدافعت بڑھانے میں بنیادی کردار ادا کرتی ہے : ڈاکٹریاسمین راشد
وزیر صحت پنجاب ڈاکٹریاسمین راشد نے وڈیولنک کے ذریعے انٹرنیشنل وِرچوئیل کانفرنس آن ”پلانٹ بیسڈ فوڈ پوٹینشل فارفوڈسکیورٹی اینڈ پینڈیمک مینجمنٹ“ کی افتتاحی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔اس موقع پر وائس چانسلریونیورسٹی آف ایگری کلچرملتان پروفیسر ڈاکٹر آصف علی خان،ڈاکٹر عمرفاروق،ڈاکٹر محمد شہباز، پروفیسرڈاکٹر سعیداختر، ڈاکٹر فیاض،ڈاکٹرقمر و مختلف ممالک سے سینئر ڈاکٹرز نے شرکت کی۔وائس چانسلر یونیورسٹی آف ایگری کلچر پروفیسرڈاکٹرآصف علی نے صوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشد کی شرکت پر شکریہ اداکیا۔کانفرنس کے دوران کورونا وائرس کے دوران بہترین فرائض سرانجام دینے والی ڈاکٹرز،نرسزاور پیرامیڈیکل سٹاف کو خراج تحسین پیش کیاگیا۔ صوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشدنے تقریب کے شرکاءسے اپنے خطاب میں کہاکہ انسانی صحت کا سارا دارومداراچھی خوراک پر ہوتاہے۔اچھی اور صاف ستھری خوراک اچھی صحت کی ضمانت ہوتی ہے۔حکومت پنجاب کی جانب سے صوبہ بھرکے بچوں کی صحت کو یقینی بنانے کیلئے ہیلتھ نیوٹریشن پروگرام کا آغاز کیاجاچکاہے۔مناسب خوراک اچھی صحت کیلئے بہت اہم ہوتی ہے۔ڈاکٹریاسمین راشدنے کہاکہ ہم سب کو اس کیلئے بہت محنت کرنا ہوگی۔پنجاب کے تمام سرکاری سکولوں میں بچوں کا سروے کروایاگیاہے۔ہمارامقصدپاکستان کے بچوں کو اچھی غذا دیناہے۔صوبائی وزیر صحت نے مزیدکہاکہ اچھی خوراک انسان کی قوت مدافعت بڑھانے میں بنیادی کرداراداکرتی ہے۔اچھی غذا کے بغیر صحت مندزندگی گزارنامشکل ہے۔اللہ تعالیٰ کی خاص مہربانی سے باقی ممالک کی نسبت کوروناوائرس نے پاکستان کو کم متاثرکیاہے۔آج کی کانفرنس میں شرکاءکی سفارشات پر ضرور عملدرآمدکروایاجائے گا۔صوبائی وزیر نے اہم موضوع پر کانفرنس کے انعقادپر انتظامیہ کو مبارکباد دی۔